غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف برطانیہ، فرانس، اسپین اور بنگلادیش سمیت کئی ملکوں میں احتجاج کیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں فلسطینیوں کے حق میں ریلی نکالی گئی جس دوران غزہ میں قتل عام روکنے کا مطالبہ کیا گیا جب کہ پولیس نے احتجاج کرنے والے 450 مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں بھی ہزاروں افراد سڑکوں پر نکلے اور غزہ میں نسل کُشی بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
ادھر اسپین کے شہر بارسلونا میں بھی ہزاروں افراد نے غزہ مارچ کیا جس دوران اسرائیلی مظالم کے خلاف اور فلسطین کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے گئے۔
اٹلی کے دارالحکومت روم میں چوتھے روز بھی غزہ کے لیے احتجاج ہوا اور شہریوں نے اطالوی حکومت سے فلسطینیوں کی نسل کُشی رُکوانے کا مطالبہ کیا۔
میکسیکو میں طالب علموں نے اسرائیلی سفارتخانے کے سامنے خاموش احتجاج کیا، بھارتی ریاست تامل ناڈو میں بھی غزہ مظالم کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔
اس کے علاوہ یمن، بنگلا دیش اور یونان میں بھی غزہ کی حمایت اور اسرائیلی مظالم کے خلاف بڑے مظاہرے ہوئے۔