صدرِ مملکت،وزیراعظم اور وفاقی وزیرداخلہ نےعالمی یومِ اساتذہ پر قوم کےمعماروں کو خراجِ تحسین پیش کیا،کہا تدریس محض پیشہ نہیں بلکہ نسلوں کے ذہن اورکردارسنوارنےکی مقدس ذمہ داری ہے۔ تعلیمی اداروں کو جدید ٹیکنالوجی سےلیس کرنا اور اساتذہ کو بہترسہولتوں کی فراہمی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔
صدرمملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہاکہ دیہی اورشہری علاقوں میں خدمات انجام دینے والے تمام اساتذہ کی خدمات قابلِ تحسین ہیں،مشکل حالات کےباوجود علم کی شمع روشن رکھنے والے اساتذہ قوم کا اصل سرمایہ ہیں،جدید دور میں اساتذہ کاکردارپہلے سےکہیں زیادہ اہم ہو چکا،اس لیے انہیں ڈیجیٹل وسائل اور جدید تربیت فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے،اساتذہ کی عزت وتوقیرقوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نےکہاکہ اساتذہ قوم کے معمار اور ترقی کی بنیاد ہیں،اس بار اساتذہ کا عالمی دن تدریس باہمی تعاون اورمشترکہ پیشہ کےعنوان سےمنایا جارہا ہے،اس کامقصد دنیا بھرمیں تعلیمی نظام میں ہم آہنگی اورتعاون کو فروغ دینا ہے،اساتذہ ملک کی فکری وعملی تعمیرمیں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔
وزیراعظم نےکہا کہ نئی نسل کی تعلیم و تربیت میں اساتذہ،والدین اور معاشرہ یکساں ذمہ دار ہیں۔ معاشرےمیں اساتذہ کی عزت و توقیرکو ہرصورت برقرار رکھا جائے،اساتذہ کی معاشی آسودگی،پیشہ ورانہ ترقی اور حقوق کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےبھی تمام اساتذہ کو خدمات پرخراج تحسین پیش کیاکہا آج کا دن ان مقدس ہستیوں کےنام ہےجنہوں نے ہرحال میں علم کےچراغ اپنی محنت سےجلائے رکھے،استاد کی عظمت، کردار اور رتبےکا اعتراف کرنےوالی اقوام ہی ترقی کی منازل طے کرتی ہیں۔