پونچھ — پونچھ میں ڈی آئی جی پولیس سردار ظہیر احتجاج کے دوران شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہلخانہ سے تعزیت کے لیے ان کی رہائشگاہ پہنچے۔ انہوں نے شہداء کے اہلخانہ سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے واقعے کی مذمت کی اور کہا کہ پولیس اہلکاروں کو نہایت ظالمانہ طریقے سے شہید کیا گیا۔
ڈی آئی جی پونچھ نے کہا کہ "ہمارے بھائیوں کو ہم سے ظالمانہ انداز میں چھینا گیا، نہ صرف انہیں شہید کیا گیا بلکہ سیکڑوں اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ آپ کہتے تھے کہ آپ کی تحریک پرامن ہے اور آپ تعمیر و ترقی چاہتے ہیں، تو پھر کیا یہ آپ کی پرامن تحریک ہے؟ کیا یہ آپ کا منشور ہے؟”
انہوں نے مظاہرین سے سوال کیا کہ "کیا پولیس بیریئر توڑنا اور تشدد کرنا آپ کی فتح ہے؟ کیا یہی آپ کا ترقی کا ایجنڈا ہے؟” سردار ظہیر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ "خدارا اپنے اندر کی کالی بھیڑوں کو پہچانیں، کیونکہ آپ کے ہی اندر کے کچھ عناصر آپ کو پرامن نہیں رہنے دیں گے۔”
ڈی آئی جی نے مزید کہا کہ ان تمام افراد کو جواب دہ ہونا ہوگا جو اشتعال انگیز تقاریر کے ذریعے عوام کو جتھوں کی صورت میں اکٹھا کر کے تشدد پر آمادہ کرتے رہے ہیں۔ ان کے مطابق ایسے عناصر ہی اس افسوسناک واقعے کے اصل ذمہ دار ہیں۔