کوالالمپور: وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ ملائیشیا کے دوران پاکستان اور ملائیشیا نے تجارت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
دونوں ممالک کے وزرائے اعظم شہباز شریف اور انور ابراہیم نے مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کیا، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی امور اور غزہ کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا کہ دونوں ممالک فلسطینی عوام کے حق میں آواز اٹھا رہے ہیں اور غزہ میں صہیونی مظالم کے خاتمے کے لیے متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں، دہشت گردی کے خلاف تعاون جاری رہے گا اور خطے کے امن کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات اہم ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کی حکومت اور عوام کا والہانہ استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا ان کے لیے دوسرے گھر کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے 20 کروڑ ڈالر مالیت کے حلال گوشت کی برآمد کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں اور اس تجارت کو مزید وسعت دی جائے گی۔
وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستانی طلبہ کی بڑی تعداد ملائیشیا میں زیر تعلیم ہے، جبکہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے ذریعے تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔
شہباز شریف نے وزیراعظم انور ابراہیم کی کتاب ’’اسکرپٹ‘‘ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ تصنیف اسلام آباد اور کوالالمپور کے درمیان فکری و تہذیبی پل ثابت ہوگی۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے انور ابراہیم کے اصرار پر علامہ اقبال کے اشعار بھی سنائے۔