پی ٹی آئی کی جانب سے سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے کے لیے ناموں پر اتفاق ہوگیا۔
ذرائع نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کو اپوزیشن لیڈر نامزد کیا گیا تھا، دونوں رہنماؤں کے ناموں پر پارٹی میں اختلافات چل رہے تھے۔
ذرائع نے کہا کہ پارٹی کے بیشتر اراکین نے تحفظات کا اظہار کیا تھا، بانی چئیرمین کی ہدایت کے بعد دونوں رہنماؤں کے ناموں پر اتفاق ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزائی اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کے لئے اور علامہ راجہ ناصر عباس اپوزیشن لیڈر سینیٹ کے لیے نامزد کردیے گئے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کو خط
دریں اثنا اپوزیشن ارکان نے اسپیکر قومی اسمبلی کو باضابطہ خط ارسال کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ قائدِ حزبِ اختلاف کا عہدہ فی الحال خالی ہے، محمود خان اچکزئی کو اکثریتی اپوزیشن ارکان کا اعتماد حاصل ہے، محمود خان اچکزئی قائدِ حزبِ اختلاف کے لیے موزوں ترین امیدوار قرار پائے ہیں۔
اپوزیشن ارکان نے قائدِ حزبِ اختلاف کی فوری تقرری کی سفارش کردی ہے اور خط میں کہا ہے کہ بروقت تقرری سے آئینی و پارلیمانی ذمہ داریاں بہتر طور پر نبھائی جا سکیں گی۔