لاہور: اگلے سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کو مدنظر رکھتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز نے کپتان سلمان علی آغا کی تبدیلی پر غور شروع کر دیا جبکہ ٹیم میں سینیئر کھلاڑیوں کی واپسی کا بھی امکان ہے۔
سلمان علی آغا ایشیا کپ میں خراب بیٹنگ اور ناقص کپتانی کے باعث تنقید کی زد میں رہے۔
ٹی ٹوئنٹی کپتان نے ایشیا کپ کی 7 اننگز میں 12 کی اوسط اور 80 کے اسٹرائیک ریٹ سے صرف 72 رنز بنائے جبکہ اہم مواقعوں پر وکٹ گنوائی۔
ذرائع کے مطابق ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان علی آغا کے مستقبل پر سوال کھڑا ہوگیا ہے، قومی سلیکٹرز نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو مد نظر رکھتے ہوئے سلمان علی کی تبدیلی پر غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہناہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لیے اسکواڈز پر مشاورت شروع ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کے لیے بھی ٹیم میں 2 سے 3 تبدیلیاں متوقع ہیں، سینیئر کھلاڑیوں کی واپسی اور نئے کھلاڑیوں کی شمولیت کا بھی امکان ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے میچز کی سیریز شیڈولڈ ہے۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ 28 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز بھی ہوں گے۔