مصر میں جنگ بندی مذاکرات آج تیسرے روز بھی جاری رہیں گے ۔ بالواسطہ مذاکرات کے دوسرے دور میں حماس نے اسرائیل سے 6 اہم رہنماؤں کی رہائی اور مستقل جنگ بندی اورآخری یرغمالی کی رہائی سے پہلے غزہ سے مکمل اسرائیلی انخلا کی ضمانت کا مطالبہ کردیا۔
آج مذاکرات میں قطری وزیراعظم اور ترک انٹیلیجنس کے سربراہ شریک ہوں گے۔ امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف، ٹرمپ کے داماد اور مشیر جیئرڈ کشنیر اور اسٹریٹجک امور کے وزیر رون ڈرمر بھی مصرپہنچ گئے۔
حماس کے سربراہ خلیل الحیہ نے مصری ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ ہم اپنی مکمل ذمہ داری کے ساتھ جنگ روکنے کے لیے آمادہ ہیں لیکن اسرائیل اب بھی قتل وغارتگری اور تباہی جاری رکھے ہوئے ہے۔ حملوں کے مکمل خاتمے کے لیے ضمانتیں ضروری ہیں۔ حماس ٹرمپ پلان کےمطابق جزوی انخلا پر راضی نہیں۔
دوسری جانب اسرائیل نے مروان البرغوثی سمیت ہائی پروفائل فلسطینی قیدیوں کی رہائی سے انکار کردیا۔ سعودی اخبار الشرق الاوسط کے مطابق ابتدائی سیزفائر معاہدہ جمعرات یا جمعہ تک متوقع ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے تمام یرغمالیوں کی واپسی اور حماس کی حکمرانی کا خاتمہ چاہتے ہیں، مقاصد کے حصول تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔