اسلام آباد: بھارتی میڈیا نے ایک بار پھر اپنی روایتی پاکستان مخالف مہم شروع کر دی ہے۔ جعفر ایکسپریس حادثے کو لے کر بھارت کے گودی میڈیا نے منفی اور جھوٹے پروپیگنڈے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، جس کا مقصد اپنے ملک میں بڑھتے ہوئے فسادات اور بدامنی سے توجہ ہٹانا ہے۔
ذرائع کے مطابق، جعفر ایکسپریس کی کچھ بوگیاں ٹریک پر دھماکے کے باعث پٹری سے اتر گئیں، جس کے نتیجے میں چند افراد معمولی زخمی ہوئے۔ تاہم بھارتی میڈیا نے اس واقعے کو پاکستان کی ناکامی کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی اور اسے ایک سیاسی کامیابی کے رنگ میں رنگ دیا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کا گودی میڈیا مسلسل پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا پھیلا کر فتنہ الہندوستان کی تخریبی کارروائیوں کو چھپانے کی کوشش کرتا ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی میڈیا اس سے قبل 11 مارچ کو جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کو بھی غیر معمولی طور پر پیش کر چکا ہے، جس سے بھارت اور تخریب کار عناصر کے گٹھ جوڑ کا ثبوت ملتا ہے۔
پاکستان پہلے بھی کئی بار عالمی سطح پر بھارت اور فتنہ الہندوستان کے اس اتحاد کے ٹھوس شواہد پیش کر چکا ہے، جس کا مقصد پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانا ہے۔