اسلام آباد: اسرائیلی حراست سے رہائی پانے والے سابق سینیٹر مشتاق احمد پاکستان پہنچ گئے۔
سابق سینیٹر مشتاق احمد خان اردن سے اسلام آباد پہنچے جہاں عوام کی بڑی تعداد نے ان کا شاندار استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔
مشتاق احمد خان کے استقبال کے لیے آنے والے شہریوں نے فلسطین کے پرچم بھی اٹھا رکھے تھے جبکہ سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے گلے میں فلسطین کا کفیہ بھی پہن رکھا تھا۔
یاد رہے کہ غزہ کے لیے امدادی سامان لیکر جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کے قافلے میں دیگر سماجی کارکنوں کے ہمراہ سابق سینیٹر مشتاق احمد خان بھی موجود تھے۔
اسرائیل نے گلوبل صمود فلوٹیلا کی تمام کشتیوں پر قبضہ کر کے ان پر سوار 500 کے قریب افراد کو حراست میں لے لیا تھا۔
اسرائیلی فورسز کی جانب سے گلوبل صمود فلوٹیلا کے گرفتار ارکان کو بدنام زمانہ جیل میں رکھا گیا جہاں انہیں ہراساں کیا گیا اور کتے بھی چھوڑے گئے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دو روز قبل سینیٹر مشتاق احمد خان کی رہائی کی اطلاع دی اور بتایا کہ وہ بالکل خیریت سے ہیں اور ان کا حوصلہ بلند ہے جبکہ سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا بہت جلد دوبارہ غزہ کے لیے روانہ ہوں گے اور فلسطین آزاد ہو کر رہے گا۔