کیس لیس اکانومی کے فروغ کےلیے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے حکومتی حکمت عملی سے متعلق تحریری رپورٹ پارلیمان میں پیش کر دی۔
کیش لیس اکانومی کے فروغ کے لیے حکومت نے اہم اقدامات کا آغاز کر دیا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے مطابق حکومت نے رواں مالی سال میں ڈیجیٹل لین دین کا ہدف 115 ارب روپے رکھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے کیش لیس پاکستان اسٹریٹجی کی منظوری دے دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈیجیٹل معیشت کے وژن کے ساتھ 4 بڑے اہداف مقرر کیے گئے ہیں جنہیں جون 2026 تک حاصل کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ادائیگیاں آسان، محفوظ اور سب کے لیے قابلِ رسائی بنائی جا رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ڈیجیٹل لین دین کا حجم بڑھا کر 115 ارب کیا جائے گا۔ کیو آر کوڈ سمیت ڈیجیٹل ادائیگیوں میں مصروف تاجروں کی تعداد 20 لاکھ تک بڑھانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ ڈیجیٹل ایپ صارفین کی تعداد 95 ملین سے بڑھا کر 120 ملین کرنے کا منصوبہ ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ڈیجیٹل ذرائع سے ترسیلات زر کی سو فیصد وصولی یقینی بنائی جائے گی۔ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی مضبوطی اور انٹرنیٹ کی دستیابی کے فروغ پر بھی کام جاری ہے۔ راست سسٹم کے ذریعے سرکاری ادائیگیوں اور وصولیوں کو تیزی سے ڈیجیٹل بنایا جا رہا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ بینکوں اور ادائیگی اداروں کے ذریعے راست کیو آر کوڈ کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے گا۔