شنگھائی — سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس اسٹار نوویک جوکووچ اور مناکو کے باصلاحیت کھلاڑی والینٹن واشروٹ نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے شنگھائی ماسٹرز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
شنگھائی میں جاری اے ٹی پی ماسٹرز 1000 ایونٹ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں 38 سالہ سربین اسٹار نوویک جوکووچ نے بیلجیم کے کھلاڑی زیزو برگس کو سیدھے سیٹس (0-2) سے شکست دی۔
جوکووچ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پہلے سیٹ میں 3-6 اور دوسرے سیٹ میں 5-7 سے کامیابی حاصل کی۔ اس فتح کے ساتھ وہ ایونٹ کے ٹاپ فور میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔
دوسرے کوارٹر فائنل میں مناکو کے والینٹن واشروٹ نے سخت مقابلے کے بعد ڈنمارک کے نوجوان اسٹار ہولگر رونے کو 2-6، 7-6 (7-4)، اور 4-6 سے ہرا کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔
یہ جیت واشروٹ کے کیرئیر کی اب تک کی سب سے بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے، کیونکہ انہوں نے عالمی سطح پر نمایاں کھلاڑی کو شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی۔
ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل راؤنڈ میں اب ایک سنسنی خیز مقابلہ متوقع ہے، جہاں نوویک جوکووچ اور والینٹن واشروٹ آمنے سامنے ہوں گے۔
فائنل تک رسائی کے لیے دونوں کھلاڑی اپنی تمام تر مہارت اور تجربے کو بروئے کار لائیں گے۔
چین میں جاری شنگھائی ماسٹرز اوپن 2025 ٹینس سیزن کے اہم ایونٹس میں سے ایک سمجھا جا رہا ہے۔ دنیا بھر کے ٹینس شائقین اس ایونٹ کو گہری دلچسپی سے دیکھ رہے ہیں، خاص طور پر جوکووچ کی واپسی اور واشروٹ کی غیر متوقع پیش قدمی اس ٹورنامنٹ کا خاص پہلو بن گئی ہے۔