بغداد: عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمالی علاقے الطارمیہ میں ایک زور دار بم دھماکے کے نتیجے میں بغداد صوبائی کونسل کے رکن اور آئندہ پارلیمانی انتخابات کے امیدوار صفا المشہدانی جاں بحق ہوگئے، جبکہ چار دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق، بغداد آپریشنز کمانڈ (BOC) نے بتایا کہ دھماکہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب اس وقت پیش آیا جب صفا المشہدانی کی گاڑی میں نصب بم بغداد سے تقریباً 40 کلومیٹر شمال میں الطارمیہ کے علاقے میں پھٹ گیا۔ دھماکے سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور موقع پر ہی صفا المشہدانی جان کی بازی ہار گئے۔
عراقی وزیرِاعظم اور مسلح افواج کے سربراہ محمد شیاع السودانی نے واقعے کی فوری تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا ہے، جو بغداد آپریشنز کمانڈ کے سربراہ کی نگرانی میں کام کرے گی۔
دوسری جانب عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمود المشہدی نے صفا المشہدانی کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے ’’بزدلانہ دہشت گردی کا واقعہ‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
واضح رہے کہ عراق میں پارلیمانی انتخابات نومبر 2025 میں منعقد ہونے والے ہیں، اور انتخابی مہم کے دوران تشدد کے واقعات میں حالیہ ہفتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔