ریاض: خلیج تعاون کونسل (GCC) نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوحہ میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے لیے قطر اور ترکیہ کی سفارتی کوششوں کو سراہا ہے۔
قطری خبر رساں ادارے (QNA) کے مطابق، جی سی سی کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیعوی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان استحکام، امن، اور باہمی اعتماد کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم اور مثبت پیش رفت ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خلیج تعاون کونسل خطے اور عالمی سطح پر امن کے فروغ، مکالمے کے فروغ، اور تنازعات کے حل کے لیے کی جانے والی تمام سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گی۔
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ جی سی سی کا موقف ہمیشہ سے یہی رہا ہے کہ بات چیت اور مصالحت ہی خطے کے لیے ایک پُرامن اور خوشحال مستقبل کی بنیاد رکھ سکتی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات میں نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔

