راولپنڈی: قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ میں پشاور نے بہاولپور کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی، جبکہ ملتان کے نوجوان بیٹر عرفات منہاس نے اپنے کیریئر کی پہلی فرسٹ کلاس سنچری اسکور کر کے سب کی توجہ حاصل کر لی۔
پی سی بی کے مطابق، شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں بہاولپور کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 261 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔
سعد خان اور مبصر خان نے نصف سنچریاں اسکور کیں، جب کہ افتخار احمد نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں۔
پشاور کو جیت کے لیے 114 رنز کا ہدف ملا، جو اس نے صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
عامر برکی نے ناقابل شکست 71 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔
دوسرے میچ میں مرغزار گراؤنڈ پر ایبٹ آباد نے اسلام آباد کے خلاف اپنی دوسری اننگز 314 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی۔
فخر زمان (74)، احمد خان (57)، یاسر خان (56) اور محمد بلال (54) نمایاں رہے۔
اسلام آباد کو جیت کے لیے 524 رنز کا مشکل ہدف ملا، جس کے تعاقب میں اس نے کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 234 رنز بنا لیے۔
راجہ حمزہ وحید نے 112 ناٹ آؤٹ اور شامل حسین نے 81 رنز کے ساتھ مزاحمت جاری رکھی۔
کراچی بلوز اور فاٹا کے درمیان میچ میں فاٹا کی ٹیم دوسری اننگز میں 190 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔
محمد عثمان (56) اور محمد فاروق (54) نمایاں بلے باز رہے، جب کہ کراچی بلوز کے محمد اصغر اور ثاقب خان نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں۔
کراچی بلوز کو جیت کے لیے 296 رنز کا ہدف ملا اور اس نے کھیل ختم ہونے پر 4 وکٹوں پر 67 رنز بنائے۔
ڈائمنڈ گراؤنڈ میں سیالکوٹ نے لاہور وائٹس کے خلاف اپنی دوسری اننگز 402 رنز 6 آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی۔
محسن ریاض 100 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، جب کہ محمد ہریرہ (90)، عاشر محمود (79) اور ایاز تصور (59) نے بھی عمدہ بیٹنگ کی۔
لاہور وائٹس نے کھیل ختم ہونے تک ایک وکٹ کے نقصان پر 18 رنز بنائے۔
ملتان اور فیصل آباد کے میچ میں، ملتان کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 551 رنز 9 آؤٹ پر ڈکلیئر کی۔
20 سالہ عرفات منہاس نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 22 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 152 ناقابلِ شکست رنز بنائے۔
علی عثمان نے 63 رنز کا اضافہ کیا۔
فیصل آباد نے اپنی دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 223 رنز بنائے، عاصم علی ناصر 85 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

