تیونس — شمالی افریقی ملک تیونس کے ساحلی شہر مہدیہ کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 40 افراد ہلاک جبکہ 30 کو زندہ بچا لیا گیا۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
تیونس کے مقامی حکام نے بتایا کہ کشتی میں مجموعی طور پر 70 تارکینِ وطن سوار تھے جو غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے۔
کشتی مہدیہ کے ساحل کے قریب تیز لہروں کی زد میں آ کر الٹ گئی۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 30 افراد کو بحفاظت نکال لیا جبکہ 40 لاشیں سمندر سے برآمد کی گئیں۔
دارالحکومت تیونس سے موصولہ اطلاعات کے مطابق تمام مسافروں کا تعلق مختلف افریقی ممالک سے تھا۔
حکام کے مطابق زندہ بچ جانے والے افراد سے تحقیقات جاری ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات اور اسمگلنگ نیٹ ورک کا سراغ لگایا جا سکے۔
تیونس کی وزارتِ داخلہ کے مطابق یہ واقعہ 2025 کے دوران خطے میں پیش آنے والے بدترین سمندری حادثات میں سے ایک ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شمالی افریقہ سے یورپ جانے والے راستے پر غیر قانونی ہجرت کے باعث ایسے المناک واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔