راولپنڈی — راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا دوسرا ٹیسٹ میچ جنوبی افریقا نے 8 وکٹوں سے جیت کر اپنے نام کر لیا، یوں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔ پاکستان کی بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں ہی پروٹیز کے سامنے ناکام رہیں۔
پروٹیز کی آسان فتح
پاکستان کی ٹیم دوسری اننگز میں صرف 138 رنز پر ڈھیر ہو گئی، جس کے بعد جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 68 رنز کا ہدف ملا، جو مہمان ٹیم نے دو وکٹوں کے نقصان پر با آسانی حاصل کر لیا۔
جنوبی افریقی کپتان ایڈن مارکرم 42 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، جب کہ ٹرسٹن سٹبس بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔ ریان ریکلٹن 25 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے۔
بابر اعظم کا جلد آؤٹ ہونا نقصان دہ ثابت ہوا
چوتھے روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 94 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے شروع کی، مگر ابتدا میں ہی بڑا دھچکا لگا — بابر اعظم صرف ایک رن کے اضافے سے اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد محمد رضوان 18 رنز، نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
سلمان علی آغا نے 28 رنز، جب کہ ساجد خان نے 13 رنز کی مزاحمت کی۔
جنوبی افریقا کی جانب سے سمن ہارمر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ کیشو مہاراج نے 2 اور کگیسو ربادا نے 1 وکٹ لی۔
آصف آفریدی کا یادگار ڈیبیو
پاکستانی اسپنر آصف آفریدی نے اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی دکھائی اور پہلی اننگز میں 6 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ وہ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو پر 5 یا زائد وکٹیں لینے والے دوسرے لیفٹ آرم اسپنر بن گئے۔
جنوبی افریقا کے ٹیل اینڈرز کا کردار
مہمان ٹیم کے نچلے آرڈر نے کمال بیٹنگ کی۔ کگیسو ربادا (71) اور سینورن میتھو سامی (89)* نے شاندار شراکت قائم کر کے ٹیم کو 404 رنز تک پہنچایا، جس سے جنوبی افریقا کو 71 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔
پہلی اننگز کا احوال
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور شان مسعود (87) اور عبداللہ شفیق (57) نے عمدہ آغاز فراہم کیا، مگر بعد میں بیٹنگ لائن ڈھے گئی۔ کیشو مہاراج نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 7 وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان کو بڑے اسکور سے محروم کر دیا۔
گرین شرٹس کی پہلی اننگز 333 رنز پر ختم ہوئی۔
سیریز کی صورتحال
پہلے لاہور ٹیسٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 93 رنز سے شکست دی تھی، تاہم راولپنڈی ٹیسٹ میں پروٹیز نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔