کراچی: پاکستان سے انڈوں کی برآمدات میں زبردست اضافے کا رحجان غالب ہوگیا، پہلی بار امریکا کو بھی انڈوں کی برآمدات شروع ہوگئی ہے۔
محمکہ قرنطینہ حیوانیات کے مطابق مجموعی طور پر امریکا کے لیے انڈوں کی برآمدات میں 23لاکھ 70ہزار ڈالر تک پہنچ گئی ہے، رواں مالی سال میں پاکستان سے انڈوں کی ایکسپورٹ میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
پاکستان سے متحدہ عرب امارات، بحرین، ہانگ کانگ، کویت، قطر، صومالیہ، افغانستان سمیت دیگر ممالک میں انڈے برآمد کیے جاتے ہیں۔
مالی سال 25-2024 میں متحدہ عرب امارات کو 17لاکھ 23ہزار ڈالر، ہانگ کانگ کو 5لاکھ 44ہزار ڈالر، بحرین کو 32لاکھ 950 ڈالر، کویت کو 31لاکھ 654 ڈالر، صومالیہ کو 2لاکھ 41ہزار ڈالر اور افغانستان کو 10لاکھ 70ہزار ڈالر رہی۔
پاکستان سے مائع شکل میں بھی انڈے برآمد کیے گئے ہیں۔
مالی سال 25-2024 میں 1169 میٹرک ٹن انڈے مائع شکل میں بھیجے گئے، مائع شکل میں برآمد ہونے والے انڈوں کی مالیت 26 لاکھ 12 ہزار 930 ڈالر رہی ہے۔
بحرین، مصر، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارت میں انڈے مائع کی صورت میں برآمد کیے جاتے ہیں۔
پاکستان سے مالی سال 25-2024 میں 18لاکھ 25ہزار ڈالر کے انڈے برآمد کیے گئے جبکہ مالی سال 24-2023 میں انڈوں کی ایکسپورٹ 14لاکھ ڈالر تھی