کویت — کویت میں حکومت نے 21 افراد کی کویتی شہریت منسوخ کرنے کا بڑا فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ حکومتی اعلامیے کے مطابق ان افراد میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جنہوں نے دوسرے شہریوں پر انحصار کرتے ہوئے شہریت حاصل کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق پہلے سرکاری حکم نامے میں تین افراد اور ان کے ذریعے شہریت حاصل کرنے والے افراد سے شہریت واپس لینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ دوسرے حکم نامے میں ایک شخص اور اس کے زیرِ کفالت اہلِ خانہ کی شہریت منسوخ کرنے کی ہدایت دی گئی، جبکہ تیسرے حکم نامے کے مطابق 17 مزید افراد کی شہریت بھی ختم کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب کویت میں عوامی سہولت کے لیے ایک نئی ایپلیکیشن ’بلادیہ 139‘ متعارف کروا دی گئی ہے۔ اس ایپ کے ذریعے عوام براہِ راست میونسپل حکام سے رابطہ کر کے اپنی شکایات درج کروا سکیں گے، جنہیں 4 سے 72 گھنٹوں کے اندر حل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
کویت میونسپلٹی کے تعلقاتِ عامہ کے ڈائریکٹر محمد السندان نے بتایا کہ اس ایپ کا مقصد میونسپل سروسز کو مؤثر بنانا اور عوامی مسائل کے حل کے عمل کو تیز کرنا ہے۔ شہری ایپ کے ذریعے خلاف ورزی کی تصاویر اور مقام اپ لوڈ کر کے شکایت درج کر سکتے ہیں، جس کے بعد میونسپل ٹیمیں فوری کارروائی کے لیے روانہ کی جاتی ہیں۔
السندان کے مطابق ایپ کے ذریعے نہ صرف شکایات کے انتظام میں شفافیت لائی جائے گی بلکہ میونسپل عملے اور انسپکٹرز کی کارکردگی پر بھی براہِ راست نظر رکھی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایپ کو مسلسل اپ ڈیٹ کیا جائے گا تاکہ عوامی خدمات کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔

