نئی دہلی — جنوبی بھارت میں ایک نجی بس اور موٹر سائیکل کے تصادم کے بعد خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق ہو گئے۔ یہ واقعہ ٹیکنالوجی کے دو بڑے شہروں، بنگلورو اور حیدرآباد کے درمیان پیش آیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب بس ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی، جس کے باعث ایندھن رسنے سے اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ بس میں مجموعی طور پر 41 مسافر سوار تھے جن میں سے 21 کو زندہ بچا لیا گیا۔ حکام کے مطابق اب تک 11 لاشوں کی شناخت ہو چکی ہے۔
ضلعی ریونیو افسر اے سری نے خبر رساں ادارے اے این آئی کو بتایا کہ امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر موجود ہیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
بھارت میں ٹریفک حادثات ایک سنگین مسئلہ بن چکے ہیں۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ سال تقریباً 1 لاکھ 80 ہزار افراد سڑک حادثات میں ہلاک ہوئے، جو دنیا میں سب سے زیادہ شرح اموات میں شمار ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ راجستھان میں بھی ایک نجی بس میں آگ لگنے سے 19 افراد جاں بحق ہوئے تھے، جس نے ملک میں ٹریفک سیکیورٹی کے ناقص انتظامات پر دوبارہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

