واشنگٹن — وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات 30 اکتوبر کو ایشیا پیسفک اکنامک کوآپریشن (ایپک) فورم کے دوران ہوگی۔
یہ ملاقات صدر ٹرمپ کے ایشیا کے اہم دورے کے دوران طے پائی ہے، جس میں وہ ملائیشیا، جاپان، اور جنوبی کوریا سمیت کئی ممالک کا دورہ کریں گے۔ وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولائن لیوٹ کے مطابق، صدر ٹرمپ آج رات ملائیشیا روانہ ہوں گے جہاں وہ وزیراعظم انوار ابراہیم سے ملاقات کریں گے اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے رہنماؤں کے عشائیے میں بھی شریک ہوں گے۔
صدر ٹرمپ بعد ازاں جاپان کے نومنتخب وزیراعظم ساناتے تائچی اور جنوبی کوریا کے صدر لی جائے میونگ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ دورے کے دوران صدر ٹرمپ ایپک فورم کے سی ای اوز ظہرانے اور رہنماؤں کے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔
امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی کشیدگی کئی ماہ سے جاری ہے، جو اکتوبر میں اس وقت شدت اختیار کر گئی جب بیجنگ نے نایاب زمینی معدنیات کی برآمدات پر پابندی لگا دی تھی۔ اس ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں بہتری کی امید کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
