راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا مالدیپ کے سرکاری دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، عالمی و علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دفاعی و سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے مالدیپ کے وزیر دفاع غسان مامون اور چیف آف ڈیفنس فورس سے بھی ملاقاتیں کیں، جس دوران پاکستان اور مالدیپ عسکری تعلقات مزید مضبوط بنانے اور دفاعی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
دوسری جانب مالدیپ کی سول و عسکری قیادت نے پاک افواج کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کو سراہا اور دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ جنرل ساحرشمشاد مرزا کو مالدیپ نیشنل ڈیفنس فورس ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر سلامی دی گئی۔

