سڈنی — کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں شرکت کی اجازت دے دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ "ہمیں گزشتہ ہفتے ہی تصدیق ہو گئی تھی کہ پاکستانی کھلاڑی بی بی ایل کھیل سکیں گے، اور ہمیں اس پر بے حد خوشی ہے کیونکہ پاکستان کے کئی عالمی معیار کے کھلاڑی لیگ میں حصہ لے رہے ہیں۔”
ٹوڈ گرین برگ نے مزید کہا کہ "ہم اس سیزن میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت کے منتظر ہیں، ان کی موجودگی لیگ کو مزید پرجوش بنائے گی۔”
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے حال ہی میں ملکی کرکٹرز کے غیر ملکی لیگز میں این او سی ہولڈ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم بعد میں جن کھلاڑیوں کے پاس پہلے سے جاری این او سی موجود تھے، انہیں بی بی ایل کھیلنے کی اجازت دے دی گئی۔
پی سی بی اور کرکٹ آسٹریلیا کے درمیان اس حوالے سے رابطے اور مشاورت بھی ہوئی تھی۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، حارث رؤف، شاداب خان اور حسان خان جیسے پاکستانی اسٹارز بگ بیش لیگ میں مختلف ٹیموں کی نمائندگی کریں گے۔
دوسری جانب سڈنی سکسرز نے بابر اعظم کے استقبال کے لیے خصوصی فین زون قائم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس سے لیگ میں شائقین کا جوش و خروش مزید بڑھنے کی توقع ہے۔
