خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم شہباز شریف سے گندم کی بین الصوبائی ترسیل پر عائد غیر آئینی پابندیاں ختم کرنے کی درخواست کی ہے۔
خیبر پختونخوا کو پنجاب سے آٹے اور گندم پر پابندی کا معاملہ، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیر اعظم شھباز شریف کو خط ارسال کردیا ۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے ارسال کردی خط میں درخواست کی گئی ہے کہ صوبے کے لیے گندم کی بین الصوبائی ترسیل پر عائد غیر آئینی پابندیاں فوری طور پر ختم کی جائیں۔
خط کے متن کے مطابق یہ پابندیاں خیبرپختونخوا کی غذائی سلامتی کو متاثر کر رہی ہیں اور وفاقی تعاون کے آئینی اصولوں کے بھی منافی ہیں۔جبکہ گندم پر پابندی سے صوبے میں آٹے جیسی بنیادی عوامی ضرورت کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے وفاقی وزیر دفاع کو بھی ایک خط ارسال کیا ہے جس میں پشاور سے کراچی اور خلیجی ممالک کے لیے پی آئی اے کی روزانہ پروازیں فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔خط میں کہا ہے کہ پشاور سے محدود پروازوں کے باعث عوام اور تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے امید ہے وفاقی حکومت اس دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے فوری اقدامات اٹھائے گی۔

