نئی دہلی: بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران آسٹریلوی خواتین کھلاڑیوں کے ساتھ پیش آنے والے نازیبا واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ایسے واقعات بھارت کے وقار پر داغ ہیں۔
بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیواجیت سائقیا نے اپنے بیان میں کہا کہ "یہ واقعہ افسوسناک ضرور ہے لیکن انفرادی نوعیت کا ہے، بھارت میں خواتین کے خلاف کسی بھی طرح کے ہراسانی واقعات کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ مدھیہ پردیش پولیس کی بروقت کارروائی قابلِ تحسین ہے، جس نے فوری طور پر واقعے کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ سائقیا کے مطابق، "قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا اور مجرم کو عبرت ناک سزا ملے گی تاکہ مستقبل میں کوئی ایسی حرکت نہ کرے۔”
میڈیا رپورٹس کے مطابق، دو روز قبل بھارتی شہر اندور میں ایک موٹر سائیکل سوار شخص نے دو آسٹریلوی ویمن کرکٹرز میں سے ایک کو اُس وقت جنسی طور پر ہراساں کیا جب وہ ہوٹل سے کیفے ٹیریا جا رہی تھیں۔ واقعے کے فوراً بعد متاثرہ کھلاڑیوں نے ٹیم سیکیورٹی کو اطلاع دی، جس کے بعد پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور گواہوں کی مدد سے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
بی سی سی آئی نے اشارہ دیا ہے کہ اگر ضرورت محسوس ہوئی تو سیکیورٹی پروٹوکولز کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے گا تاکہ خواتین کھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
