ٹرمپ پر تنقید، نوبل انعام یافتہ نائجیرین مصنف کا امریکی ویزا منسوخ کردیا گیا

ٹرمپ پر تنقید، نوبل انعام یافتہ نائجیرین مصنف کا امریکی ویزا منسوخ کردیا گیا

لاگوس — نوبل انعام یافتہ نائجیرین ادیب اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے معروف ناقد وولے شوئینکا (Wole Soyinka) نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا امریکی ویزا منسوخ کر دیا گیا ہے۔

91 سالہ وولے شوئینکا نے لاگوس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ان کا ویزا اس وقت منسوخ کیا گیا جب انہوں نے ایک تقریر میں ٹرمپ کا موازنہ یوگنڈا کے سابق آمر عیدی امین سے کیا۔

انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا “عیدی امین ایک بین الاقوامی قد کاٹھ رکھنے والے شخصیت تھے، اس لیے جب میں نے ٹرمپ کو ان سے تشبیہ دی تو میں سمجھا کہ میں تعریف کر رہا ہوں، مگر دراصل وہ ایک آمر جیسا برتاؤ کر رہے ہیں۔”

مصنف کے مطابق، امریکی قونصل خانے نے انہیں پاسپورٹ کے ساتھ طلب کیا تاکہ باضابطہ طور پر ویزا منسوخ کیا جا سکے۔

عیدی امین یوگنڈا کے وہ فوجی حکمران تھے جنہوں نے 1971 سے 1979 تک حکومت کی اور اپنے جابرانہ طرزِ حکمرانی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے باعث بدنام ہوئے۔

یہ بھی یاد رہے کہ وولے شوئینکا نے 2016 میں ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے بعد احتجاجاً اپنا گرین کارڈ پھاڑ دیا تھا اور امریکی مستقل رہائش ترک کر دی تھی۔

امریکا میں ٹرمپ کی دوسری مدتِ صدارت کے بعد ویزا پالیسیوں میں نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
جولائی میں امریکی محکمہ خارجہ نے ایک نئی پالیسی کے تحت اعلان کیا تھا کہ نائیجیریا، کیمرون، ایتھوپیا اور گھانا کے شہریوں کو دیے جانے والے بیشتر غیر سفارتی ویزے اب صرف سنگل انٹری اور تین ماہ کے لیے جاری کیے جائیں گے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے