بیجنگ — چین نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے اسپیس اسٹیشن مشن کے تحت ایک پاکستانی خلا باز کو قلیل مدتی خلائی مشن میں شامل کرے گا۔ یہ فیصلہ چین اور پاکستان کے درمیان خلائی تعاون کے ایک نئے تاریخی باب کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
چینی سرکاری خبر رساں ادارے شہنوا نیوز کے مطابق، پاکستانی خلا باز چینی خلا بازوں کے ساتھ تربیت حاصل کرے گا اور مختصر مدت کے لیے پے لوڈ ایکسپرٹ (Payload Expert) کے طور پر مشن میں حصہ لے گا۔
یہ فیصلہ چین کے حالیہ اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں بیجنگ نے کہا کہ وہ اپنے اسپیس اسٹیشن پر غیر ملکی ماہرین اور خلا بازوں کو موقع دینے کی پالیسی پر عمل کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، پاکستانی خلا باز کی شمولیت چین-پاکستان خلائی تعاون پروگرام کے تحت ہو رہی ہے۔ اس پروگرام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سائنس، ٹیکنالوجی اور خلا سے متعلقہ تحقیق کو فروغ دینا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ رواں ماہ کے آغاز میں پاکستانی حکام نے تصدیق کی تھی کہ دو پاکستانی خلا بازوں کو چین کی مینڈ اسپیس ایجنسی کے تحت ایک سالہ تربیتی پروگرام کے لیے روانہ کیا جائے گا۔
تربیت مکمل ہونے کے بعد اکتوبر 2026 میں پاکستانی خلا باز چینی خلائی اسٹیشن پر ایک ہفتہ گزاریں گے اور تجرباتی مشنز میں حصہ لیں گے۔
ماہرین کے مطابق، یہ اقدام پاکستان کے لیے خلائی تحقیق کے میدان میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی اور سائنسی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔
