چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات کامیاب رہی، اپریل میں چین جاؤں گا: ڈونلڈ ٹرمپ

چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات کامیاب رہی، اپریل میں چین جاؤں گا: ڈونلڈ ٹرمپ

بوسان — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات "بہت کامیاب” رہی ہے، اور وہ آئندہ اپریل میں دوبارہ مذاکرات کے لیے چین کا دورہ کریں گے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان چھ سال بعد پہلی بالمشافہ ملاقات جنوبی کوریا کے شہر بوسان میں ہوئی۔

ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ "ہم نے بہت سے معاملات کو حتمی شکل دے دی ہے۔” انہوں نے صدر شی جن پنگ کو "ایک طاقتور ملک کے شاندار رہنما” قرار دیا۔

صدر ٹرمپ نے بتایا کہ وہ اپریل میں چین جائیں گے، جبکہ صدر شی جن پنگ آئندہ چند ماہ میں فلوریڈا، پام بیچ یا واشنگٹن ڈی سی کا دورہ کریں گے۔

ٹرمپ کے مطابق امریکہ نے چینی درآمدات پر عائد محصولات میں 47 فیصد کمی پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ اس کے بدلے میں چین امریکہ سے سویا بین کی خریداری دوبارہ شروع کرے گا، نایاب معدنیات (Rare Earths) کی برآمدات جاری رکھے گا، اور غیر قانونی منشیات فینٹینائل کی اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی کرے گا۔

جب صحافیوں نے پوچھا کہ آیا ملاقات میں تائیوان کا مسئلہ زیر بحث آیا، تو ٹرمپ نے کہا "یہ معاملہ کبھی زیر بحث نہیں آیا، تائیوان کا ذکر تک نہیں ہوا۔”

امریکی صدر نے مزید بتایا کہ وہ اور صدر شی جن پنگ یوکرین کے بحران پر مشترکہ تعاون کے خواہاں ہیں۔
ان کے بقول، “یوکرین کے معاملے پر کافی دیر گفتگو ہوئی، اور ہم دیکھیں گے کہ ہم مل کر کیا پیش رفت حاصل کر سکتے ہیں۔”

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے