واشنگٹن — امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کی جانچ قومی سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔ ان کا یہ بیان صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 33 سال بعد جوہری تجربات دوبارہ شروع کرنے کے حکم کے بعد سامنے آیا۔
وینس نے وائٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا "یہ امریکی قومی سلامتی کا ایک لازمی جز ہے کہ ہم یہ یقین دہانی کر سکیں کہ ہمارے جوہری ہتھیار درست طور پر کام کر رہے ہیں۔ ظاہر ہے ہمیں معلوم ہے کہ یہ نظام ٹھیک چل رہا ہے، لیکن وقتاً فوقتاً اس کی جانچ ضروری ہے، اور صدر کا مقصد یہی ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں۔”
امریکا نے 1992 میں آخری بار زیر زمین جوہری تجربہ کیا تھا، جس کے بعد مختلف عالمی معاہدوں اور سیاسی دباؤ کے باعث اس پر غیر رسمی پابندی عائد رہی۔ تاہم ٹرمپ انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ "تکنیکی اپ ڈیٹس” اور "قومی دفاع کی ضرورت” کے تحت یہ تجربات دوبارہ شروع کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
امریکی دفاعی ماہرین کے مطابق، اس فیصلے سے نہ صرف روس اور چین جیسے ممالک کے ساتھ اسلحہ کنٹرول معاہدوں پر دباؤ بڑھے گا بلکہ بین الاقوامی تناؤ میں بھی اضافہ ممکن ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں ہفتے ایک ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے محکمۂ دفاع کو حکم دیا تھا کہ وہ نیواڈا ٹیسٹ سائٹ پر محدود نوعیت کے جوہری تجربات کی تیاری کرے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور چین کے درمیان تائیوان، بحیرہ جنوبی چین، اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ہتھیاروں کے معاملات پر کشیدگی بڑھ رہی ہے۔
