اسلام آباد — پاک فوج کے زیر اہتمام شمالی وزیرستان میں منعقدہ ٹی 20 کرکٹ لیگ کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی، جس کے فائنل میں باجوڑ کی ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے چیمپئن ٹرافی اپنے نام کر لی۔
فائنل میچ یونس خان اسٹیڈیم، میران شاہ میں کھیلا گیا جس میں خیبر پختونخوا کی 16 ٹیموں نے شرکت کی۔ اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب میں سینئر عسکری حکام، ضلعی انتظامیہ، عمائدینِ علاقہ اور کرکٹ کے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اپنے خطاب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں کہ وہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کرکے ان کا ٹیلنٹ نکھار رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم اور کھیل دونوں نوجوان نسل کی ترقی کے لیے اہم ہیں اور پاک فوج یہ کردار بہترین انداز میں ادا کر رہی ہے۔
شاہد آفریدی نے حکومت سے اپیل کی کہ فٹبال، کرکٹ کیمپس اور وکیشنل ٹریننگ سینٹرز قائم کیے جائیں تاکہ نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
تقریب کے اختتام پر شاہد آفریدی نے فاتح ٹیم اور نمایاں کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور کھیل کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔
علاقہ مکینوں اور شائقین نے اس کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
