آپریشن سندور کی ناکامی کے باعث دنیا بھر میں رسوائی کا شکار بھارت کی پاکستان کے خلاف ایک اور دہشتگرد کارروائی انٹیلیجنس اداروں نے ناکام بنا دی۔
وزیر اطلاعات عطا محمد تارڑ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستانی اداروں کی جانب سے بھارتی سازش کو بے نقاب کرنے کی تفصیلات شیئر کیں اور بھارت کے لیے جاسوسی کرنے والے جاسوس ملاح کی ویڈیو بھی نشر کی۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بتایا کہ آپریشن سندور کی ناکامی کے بعد بھارت نے جھوٹی مہمات شروع کیں، بھارت نے اعجاز ملاح نامی مچھیرے کو گرفتار کیا، بھارت نے اعجاز نامی ملاح کو گرفتار کرکے اسے نامعلوم مقام پر منتقل کیا اور پھر بھارتی خفیہ ایجنسی نے اعجاز کو اپنے لیے کام کرنے پر آمادہ کیا۔
عطا تارڑ نے بتایا کہ بھارت نے اعجاز ملاح کو آرمی، نیوی اوررینجرز کی وردیاں خریدنےکی ہدایت کی، جب اعجاز ملاح یہ وردیاں خرید رہا تھا تو پاکستانی ایجنسیوں نے اس کی نگرانی شروع کر دی، اعجاز ملاح کو بھارت جاتے ہوئے گرفتارکیا گیا۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کے دوران بھارت کے لیے جاسوسی کرنے والے اعجاز ملاح کی ویڈیو بھی نشر کی جس میں اس نے اعتراف کیا کہ بھارتی ایجنسیوں نے مجھے سمندر سے گرفتار کیا، بھارتی ایجنسیوں نے کہا کہ اگر ہمارے لیے کام نہ کیا تو جیل میں رہو گے۔
اعجاز ملاح نے اپنے اعترافی ویڈیو بیان میں بتایا کہ بھارتی ایجنسی نے مجھے فوج کی وردیاں، موبائل سمز اور فون بلز وغیرہ لانے کی ہدایت دی، اس کے علاوہ 50 اور 100 روپے کے پرانے کرنسی نوٹ لانے کا بھی کہا گیا، میں نے سارا سامان اکٹھا کیا جس کی ایک تصویر بھارتی ایجنسی کے افسر اشوک کمار کو بھیج دی اور پھر میں اکتوبر کے مہینے میں دریا کی طرف نکل گیا لیکن مجھے راستے میں ہی پاکستانی سکیورٹی اداروں نے پکڑ لیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اعجاز ملاح کی گرفتاری اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستانی سکیورٹی ادارے اور انٹیلی جنس ایجنسیاں ملکی سرحدوں کے دفاع اور تٖحفظ کے لیے مکمل طور پر چوکنا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی پاکستان مخالف مہم اس کی سفارتی و عسکری ناکامیوں کا واضح ثبوت ہے، پاکستان عالمی سطح پرعزت و وقار حاصل کر رہا ہے،جسے بھارت برداشت نہیں کر پا رہا، بھارت پاکستان کے عالمی سطح پر بڑھتے وقار سے خوفزدہ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بھارت نے گجرات اور کَچھ کے قریب فوجی مشقوں کی آڑ میں مذموم سرگرمیاں شروع کیں، بھارتی مشقوں کا مقصد پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا اور تخریبی کارروائیاں تھا، بھارت نےفوجی مشقوں کو پاکستان مخالف پروپیگنڈا مہم سے جوڑنے کی کوشش کی، سکیورٹی اداروں نے بھارتی خفیہ ایجنسی کی سازش ناکام بنائی۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا بھارت کے جھوٹے بیانیے اور من گھڑت دعوے دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگئے، پاکستان نے عالمی برادری کے سامنے بھارتی سازش کو بے نقاب کر دیا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ پہلے آپریشن سندور تھا اب یہ آپریشن پروپیگنڈا ہے ، پاکستانی میڈیا نے عالمی سطح پر اپنی ساکھ کی جنگ جیتی، یہ پہلی بار نہیں ہے، پہلے پہلگام میں چینی سیٹلائیٹ فون برآمد کرنے کا کہا گیا۔
بھارتی ہینڈلر کے اعجاز ملاح کے ساتھ فون کی آڈیو میسجز بھی پریس کانفرنس کے دوران چلائے گئے ۔
وفاقی وزیر طلاعات کا کہنا تھا اس معاملے کوعالمی سطح پر بھی اٹھایا جائےگا، عفرایکسپریس کا واقعہ ہوا تو سب سے پہلے ویڈیو بھارتی ٹی وی چینلز پرچلائی جاتی ہے، افغان وزیر خارجہ نے بھارت میں بیٹھ کر کشمیر سے متعلق بیان دیا، یہ نہ تین میں ہیں نہ تیرا میں۔
