کابل / جدہ — اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے شمالی افغانستان میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے متاثرین کے لیے فوری انسانی امداد کی اپیل کی ہے۔
او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین برہم طحہ نے پیر کے روز افغانستان کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ رکن ممالک اور عالمی انسانی تنظیمیں متاثرہ افراد کی فوری مدد کے لیے آگے آئیں۔
طحہ نے افغانستان میں او آئی سی کے دفتر کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقامی حکام اور انسانی ہمدردی کے اداروں کے ساتھ رابطہ قائم رکھے تاکہ متاثرین تک امداد اور ریلیف مؤثر طریقے سے پہنچایا جا سکے۔
پیر کی صبح سے قبل شمالی افغانستان کے صوبے سمنگان میں 6.3 شدت کا زلزلہ آیا جس نے متعدد عمارتوں کو زمین بوس کر دیا۔
افغان حکام کے مطابق اب تک کم از کم 20 افراد جاں بحق اور 640 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں، مکانات اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے، اور ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے پھنسے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔
سیکرٹری جنرل حسین طحہ نے کہا کہ یہ وقت امتِ مسلمہ اور عالمی برادری کے باہمی تعاون کا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ “تمام رکن ممالک، امدادی تنظیمیں اور مخیر حضرات متاثرہ افغان عوام کے لیے فوری طور پر امداد بھیجنے میں کردار ادا کریں۔”

