بھارت نے ویمنز بلائنڈ ورلڈ کپ کے لیے نیپالی ٹیم کے کوچ مسعود جان کو ویزا دینے سے انکار کر دیا

0

دہلی – بھارتی حکومت نے ویمنز بلائنڈ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے نیپال کی ویمن بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ مسعود جان کو ویزہ دینے سے انکار کر دیا ہے۔

یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب بلائنڈ ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 11 نومبر سے بھارت اور سری لنکا میں شروع ہونے جا رہا ہے۔

مسعود جان پاکستان کے سابق بین الاقوامی کرکٹر ہیں اور انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔وہ اس وقت نیپال کی ویمن بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالنے والے تھے، تاہم بھارتی ویزے سے انکار کے بعد اب وہ ٹورنامنٹ میں شریک نہیں ہو سکیں گے۔

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (PBCC) نے اس فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ "بھارتی حکومت کا یہ اقدام کھیل کے فروغ کے جذبے کے منافی ہے۔ اس سے نہ صرف نیپال بلکہ پاکستان میں بھی مایوسی پھیلی ہے۔”

کونسل نے مزید کہا کہ سیاست کو کھیلوں کے ایونٹس سے دور رکھا جانا چاہیے، مگر بدقسمتی سے ایسے واقعات کھیل کی روح کو متاثر کرتے رہتے ہیں۔

ویمنز بلائنڈ ورلڈ کپ کا یہ ایڈیشن بھارت اور سری لنکا کی میزبانی میں کھیلا جا رہا ہے، جس میں ایشیا سمیت دیگر خطوں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
ٹورنامنٹ کا مقصد معذور خواتین کھلاڑیوں کے لیے عالمی سطح پر نمائندگی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

تاہم اس ویزا تنازعے کے بعد کئی حلقوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کھیلوں کے ذریعے بین الاقوامی تعلقات میں بہتری کی کوششیں متاثر ہو سکتی ہیں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.