سوڈانی وزیراعظم کا آر ایس ایف کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا مطالبہ
سوڈان کے وزیراعظم کامل ادریس نے ریپڈ سپورٹ فورس (RSF) کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آر ایس ایف کے جرائم انسانیت کی تاریخ میں بےمثال ہیں، عالمی برادری کی صرف مذمت کافی نہیں بلکہ اب عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
وزیراعظم نے آر ایس ایف کو “کرائے کے جنگجوؤں اور باغی ملیشیا” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ خطرہ صرف سوڈان نہیں بلکہ پورے افریقہ اور دنیا کے امن کے لیے ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق الفاشر کے بعد آر ایس ایف نے دارفور کے تمام 5 صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ کر لیا ہے، جس کے بعد ملک میں تقسیم کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
اس وقت آر ایس ایف مغربی اور جنوبی علاقوں پر قابض ہے جبکہ سوڈانی فوج شمالی و مشرقی علاقوں میں موجود ہے۔
اطلاعات کے مطابق آر ایس ایف نے وسطی کُردفان پر حملے کی تیاری شروع کر دی ہے۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی ہمدردی (OCHA) کے مطابق شمالی کُردفان کے شہر الابیض میں ایک جنازے پر آر ایس ایف کے حملے میں 40 افراد جاں بحق ہو گئے۔
اقوامِ متحدہ نے تصدیق کی ہے کہ الابیض تاحال سرکاری فوج کے کنٹرول میں ہے، تاہم آر ایس ایف کی مزید پیش قدمی کی اطلاعات ملی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق آر ایس ایف شہر پر بڑے حملے کی تیاری میں مصروف ہے جبکہ تیل سے مالامال علاقوں میں فوج اور ملیشیا کے درمیان جھڑپیں مزید شدت اختیار کر گئی ہیں۔