ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا دو ٹوک مؤقف: جوہری و میزائل پروگرام پر زبردستی قبول نہیں
تہران – ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران امن چاہتا ہے، لیکن جوہری اور میزائل پروگرام ترک کرنے کے لیے کسی دباؤ کو قبول نہیں کرے گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ "ہم بین الاقوامی فریم ورک کے تحت مذاکرات کے خواہاں ہیں، مگر اس شرط پر نہیں کہ کوئی ہمیں یہ کہے کہ آپ کو جوہری سائنس یا میزائلوں کے ذریعے اپنے دفاع کا حق نہیں ہے — ورنہ ہم آپ پر بمباری کریں گے۔”
انہوں نے واضح کیا کہ ایران دنیا میں امن و استحکام چاہتا ہے لیکن کسی طاقت کو یہ حق نہیں کہ وہ اپنی مرضی تہران پر مسلط کرے۔
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ "وہ (امریکا و مغربی ممالک) اسرائیل کو اسلحہ فراہم کرتے ہیں، جبکہ ہمیں کہتے ہیں کہ دفاع کے لیے میزائل نہ رکھیں۔ پھر جب چاہیں ہمارے اوپر بمباری کر دیتے ہیں — یہ رویہ کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔”
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے امریکی پابندیاں ختم کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔