آئرلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن نے اسرائیل کو یورپی مقابلوں سے معطل کرنے کی قرارداد منظور کرلی

0

ڈبلن – آئرلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن نے اسرائیل کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے اسے یورپی فٹبال مقابلوں سے فوری طور پر معطل کرنے کی قرارداد منظور کر لی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق، ایسوسی ایشن کے اجلاس میں پیش کی گئی قرارداد کے حق میں 74 ووٹ آئے جبکہ 7 ارکان نے مخالفت کی۔

آئرش فٹبال حکام نے یورپی فٹبال یونین (UEFA) سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کی ٹیم پر بین الاقوامی پابندی عائد کرے، کیونکہ اسرائیل نے فیفا کے ضابطہ اخلاق کی دو شقوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ ان میں سے ایک شق نسلی امتیاز کے خاتمے اور دوسری رکن ممالک کے درمیان کھیل کے احترام سے متعلق ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق، اسرائیلی کلب مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں فلسطین فٹبال ایسوسی ایشن کی اجازت کے بغیر میچز کھیلتے رہے ہیں، جو بین الاقوامی قواعد کی صریح خلاف ورزی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق، یہ اقدام ترکیہ اور ناروے کے فٹبال حکام کی اُس درخواست کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے ستمبر میں اسرائیل کو بین الاقوامی مقابلوں سے معطل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

اس سے قبل اقوام متحدہ کے ماہرین نے بھی فیفا اور یوئیفا پر زور دیا تھا کہ وہ اسرائیل کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے عالمی فٹبال سرگرمیوں سے عارضی طور پر معطل کریں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.