مظفر گڑھ — جنوبی پنجاب کے ریگستانی علاقے میں منعقدہ دسویں تھل جیپ ریلی اختتام پذیر ہوگئی، جس میں پری پیئرڈ کیٹیگری کے فاتح فیصل شادی خیل قرار پائے جبکہ خواتین کیٹیگری میں سلمیٰ خان نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلا مقام حاصل کیا۔
ریلی کے 200 کلو میٹر طویل ٹریک پر 37 ریسرز نے حصہ لیا جن میں دو خواتین ریسرز بھی شامل تھیں۔
-
فیصل شادی خیل نے 2 گھنٹے، 10 منٹ اور 18 سیکنڈ میں فاصلہ طے کر کے پہلا مقام حاصل کیا۔
-
معروف ڈرائیور نادر مگسی 2 گھنٹے، 14 منٹ اور 57 سیکنڈ میں سفر مکمل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔
-
محمد رضا سعید 2 گھنٹے، 19 منٹ اور 22 سیکنڈ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
تجربہ کار ریسرز صاحبزادہ سلطان اور نادر مگسی اس بار جیتنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
پری پیئرڈ ویمن کیٹیگری میں دو خواتین ریسرز — سلمیٰ خان اور دینا پٹیل — کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا۔
-
سلمیٰ خان نے ایک گھنٹہ 30 منٹ اور 20 سیکنڈ میں فاصلہ طے کر کے کامیابی حاصل کی۔
-
دینا پٹیل کے نیویگیٹر کے طور پر جرمن شہری اینڈریو شریک تھے۔
ریلی کے آخری روز چھٹی ہونے کے باعث شائقین کی بڑی تعداد نے ریگستانی ٹریک پر ہونے والے مقابلے دیکھے اور دلچسپ مناظر سے لطف اندوز ہوئے۔
اختتامی تقریب میں مظفر گڑھ کے سرکٹ ہاؤس میں تمام کیٹیگریز کے کامیاب ریسرز میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

