ٹرمپ کا بائیڈن پر کڑا وار: “امریکی تاریخ کے بدترین صدر کرپٹ انتخابات سے اقتدار میں آئے”
واشنگٹن — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق صدر جو بائیڈن کو امریکی تاریخ کا بدترین صدر قرار دیتے ہوئے ان پر کرپٹ انتخابات کے ذریعے اقتدار حاصل کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں ٹرمپ نے جو بائیڈن کی پالیسیوں اور کارکردگی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “افغانستان سے امریکی انخلا امریکی تاریخ کے سب سے ذلت آمیز واقعات میں سے ایک تھا، جس کے نتیجے میں 13 بہادر امریکی فوجی جان کی بازی ہار گئے اور متعدد زخمی ہوئے۔”
انہوں نے کہا کہ بائیڈن کی کمزور قیادت اور ناقص خارجہ پالیسی نے عالمی استحکام کو خطرے میں ڈال دیا۔ ٹرمپ کے مطابق بائیڈن کی کمزوری دیکھ کر روس نے یوکرین پر حملہ کیا، جبکہ ان ہی کے دور میں حماس نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملہ کیا۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ بائیڈن کو صدارتی مباحثے میں شکست کے بعد انتخابی مہم سے دستبردار ہونا پڑا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ امریکی عوام کا اعتماد کھو چکے تھے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق ٹرمپ کے یہ بیانات آئندہ صدارتی انتخابات سے قبل ریپبلکن اور ڈیموکریٹک جماعتوں کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ کریں گے۔