پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے میں سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کر لی
راولپنڈی — پاکستان نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے ون ڈے میں دلچسپ مقابلے کے بعد سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دے کر 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹ پر 299 رنز بنائے۔ جواب میں سری لنکا کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز ہی بنا سکی۔
پاکستان کی جانب سے آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 83 گیندوں پر ناقابلِ شکست 105 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 9 چوکے شامل تھے۔ یہ ان کی ایک روزہ کرکٹ کی دوسری سنچری تھی۔ ان کی بہترین کارکردگی پر انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ان کے ساتھ محمد نواز نے 36 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر چھٹی وکٹ پر 66 رنز کی شراکت قائم کی۔ دیگر نمایاں بیٹرز میں حسین طلعت 62، فخر زمان 32 اور بابر اعظم 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
سری لنکن ٹیم 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آخر تک جدوجہد کرتی رہی لیکن پاکستانی بولرز نے نپی تلی بولنگ سے میزبان ٹیم کی کامیابی یقینی بنائی۔
ونندو ہسارانگا نے آل راؤنڈ کارکردگی دکھاتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں اور بیٹنگ میں بھی 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں سمارا وکرما 39، کامل مشرا 38 اور کپتان چیریتھ اسالنکا 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
گرین شرٹس کی جانب سے حارث رؤف نے 4، فہیم اشرف اور نسیم شاہ نے 2،2 جبکہ محمد نواز نے 1 وکٹ حاصل کی۔
تاہم پاکستانی بولرز نے 31 ایکسٹرا رنز دیے، جن میں 26 وائیڈ بالز شامل تھیں، جو سری لنکا کے اسکور میں نمایاں اضافہ ثابت ہوئیں۔
ٹاس کے موقع پر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ “ٹاس جیت کر ہم بھی فیلڈنگ ہی کرتے، ہماری کوشش ہے کہ پچھلی سیریز کی طرح اچھا کھیل پیش کریں۔”
سری لنکن کپتان چیریتھ اسالنکا نے کہا کہ “ہم اس سیریز میں بھرپور کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔”
پاکستان پلیئنگ الیون
فخر زمان، صائم ایوب، بابر اعظم، محمد رضوان، سلمان علی آغا، حسین طلعت، محمد نواز، فہیم اشرف، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف۔
تین میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا ون ڈے 13 نومبر جبکہ تیسرا اور آخری میچ 15 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
فخر زمان، صائم ایوب، بابر اعظم، محمد رضوان، سلمان علی آغا، حسین طلعت، محمد نواز، فہیم اشرف، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف۔
تین میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا ون ڈے 13 نومبر جبکہ تیسرا اور آخری میچ 15 نومبر کو کھیلا جائے گا۔