کرسٹیانو رونالڈو کا اعلان: 2026 فیفا ورلڈکپ آخری عالمی مقابلہ ہوگا

0

ریاض — پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اعلان کیا ہے کہ 2026 کا فیفا ورلڈکپ ان کے کیریئر کا آخری عالمی ٹورنامنٹ ہوگا۔

40 سالہ اسٹار فٹبالر، جنہوں نے کلب اور بین الاقوامی سطح پر 950 سے زائد گولز اسکور کیے، نے ایک سعودی فورم سے ویڈیو لنک کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے کہا "جی ہاں، 2026 کا فیفا ورلڈکپ میرا آخری ہوگا۔ اُس وقت میری عمر 41 سال ہوگی، اور مجھے لگتا ہے یہی مناسب وقت ہے کہ میں فٹبال کو الوداع کہہ دوں۔”

پانچ مرتبہ بیلن ڈی اور ایوارڈ جیتنے والے رونالڈو نے مزید کہا کہ وہ ایک یا دو سال کے اندر ریٹائرمنٹ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے اعتراف کیا "ریٹائرمنٹ میرے لیے آسان نہیں ہوگی، یہ ایک مشکل لمحہ ہوگا۔ شاید میں رو بھی دوں، کیونکہ فٹبال میری زندگی کا سب سے اہم حصہ رہا ہے۔”

رونالڈو اس وقت سعودی کلب النصر کی نمائندگی کر رہے ہیں اور پرامید ہیں کہ اگلے سال وہ اپنے چھٹے ورلڈکپ میں پرتگال کی جانب سے میدان میں اتریں گے۔

فی الحال پرتگال کی ٹیم 2026 ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکی، تاہم وہ جمعرات کو آئرلینڈ کے خلاف میچ جیت کر اپنی جگہ یقینی بنا سکتی ہے۔

گزشتہ ماہ رونالڈو نے ورلڈکپ کوالیفائرز کی تاریخ میں سب سے زیادہ گولز کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا، اور وہ اب بھی بین الاقوامی سطح پر سب سے زیادہ 143 گولز کرنے والے کھلاڑی ہیں۔

بلومبرگ کے مطابق، رونالڈو کھیلوں کی تاریخ کے پہلے ارب پتی کھلاڑی بن چکے ہیں، جب کہ فوربز کی فہرست میں وہ چھٹی مرتبہ دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے فٹبالر قرار پائے۔

رونالڈو نے اپنے مداحوں کے نام پیغام میں کہا "میں ہر لمحہ کھیل سے لطف اندوز ہو رہا ہوں، اور جب آخری وسل بجے گی، تو چاہتا ہوں کہ دنیا مجھے ایک فائٹر، لیجنڈ اور ٹیم کے لیے سب کچھ دینے والے کھلاڑی کے طور پر یاد رکھے۔”

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.