بھارتی فورسز کی کارروائی، چھتیس گڑھ میں چھ قبائلی افراد ہلاک
بیجاپور – بھارت کی شورش زدہ ریاست چھتیس گڑھ میں بھارتی فورسز نے ایک کارروائی کے دوران چھ قبائلی افراد کو ہلاک کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ ضلع بیجاپور کے علاقے اندراوتی نیشنل پارک میں پیش آیا، جہاں فورسز نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران مقامی افراد کو نشانہ بنایا۔ اس کارروائی میں ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈز، بستر فائٹرز، سینٹرل ریزرو پولیس فورس (CRPF)، چھتیس گڑھ آرمڈ فورس اور اسپیشل ٹاسک فورس (STF) کے اہلکار شریک تھے۔
بیجاپور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ جتیندر یادو نے دعویٰ کیا کہ ہلاک افراد نکسلی یا ماؤ نواز باغی تھے اور انہیں ایک نکسل مخالف آپریشن کے دوران ہلاک کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال چھتیس گڑھ میں اس نوعیت کی کارروائیوں کے دوران 259 قبائلی افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان میں سے 230 افراد بستر ڈویژن کے سات اضلاع میں، 27 افراد رائے پور ڈویژن کے ضلع گریابند میں، جبکہ درگ ڈویژن کے علاقے موہلا-مان پور میں دو افراد مارے گئے۔
اس سے قبل 22 ستمبر کو نارائن پور ضلع میں دو سینئر قبائلی رہنما، 63 سالہ راجو دادا عرف کٹا رام چندر ریڈی اور 67 سالہ کوسا دادا عرف کداری ستیہ نارائن ریڈی بھی مارے گئے تھے، جو کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (ماؤ نواز) کی مرکزی کمیٹی کے ارکان تھے۔