افغان تاجروں کو پاکستان پر انحصار ختم کرنے کی ہدایت، ملا برادر کا اعلان
کابل – افغانستان کے نائب وزیراعظم برائے اقتصادی امور ملا عبدالغنی برادر نے افغان تاجروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پاکستان پر تجارتی انحصار ختم کریں اور متبادل راستوں کو اختیار کریں۔
افغان میڈیا کے مطابق ملا برادر نے کہا کہ تمام افغان تاجر اور صنعت کار پاکستان کے بجائے دیگر تجارتی راستوں کی طرف رجوع کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ "میں تمام تاجروں پر زور دیتا ہوں کہ وہ جلد از جلد درآمدات و برآمدات کے لیے متبادل آپشنز پر عمل درآمد کریں۔”
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی تاجر نے پاکستان کے ساتھ تجارت جاری رکھی تو حکومت اس کے ساتھ تعاون نہیں کرے گی۔
ملا برادر نے پاکستان سے درآمد شدہ ادویات کے معیار کو ناقص قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ درآمد کنندگان تین ماہ کے اندر پاکستان کے ساتھ تجارتی کھاتے بند کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کو اب متبادل تجارتی راستوں تک رسائی حاصل ہے اور خطے کے ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات ماضی کے مقابلے میں زیادہ مستحکم ہو چکے ہیں۔
ملا برادر نے مزید کہا کہ اگر پاکستان افغانستان کے ساتھ تجارتی راستے دوبارہ کھولنا چاہتا ہے تو اسے اس بات کی ضمانت دینا ہوگی کہ یہ راستے مستقبل میں بند نہیں کیے جائیں گے۔