ٹرمپ کی اسرائیلی صدر سے نیتن یاہو کو معاف کرنے کی درخواست
واشنگٹن – امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کرپشن مقدمات میں وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کو معاف کرنے پر غور کریں۔
اسرائیلی صدر کے دفتر کے مطابق، ٹرمپ نے ایک خط کے ذریعے یہ درخواست کی جس میں انہوں نے لکھا کہ “میں اسرائیلی عدالتی نظام کی آزادی کا احترام کرتا ہوں، تاہم میرا ماننا ہے کہ نیتن یاہو کے خلاف مقدمہ سیاسی اور بلاجواز ہے۔”
ٹرمپ نے اپنے خط میں نیتن یاہو کو “ایران کے خلاف مضبوط اتحادی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ برسوں سے امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے ان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق، صدر کی جانب سے کسی بھی شخص کو معافی دینے کے لیے باقاعدہ قانونی طریقۂ کار کے تحت درخواست جمع کرانا لازمی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اکتوبر میں اسرائیل کے دورے کے دوران ٹرمپ نے کنیسٹ (اسرائیلی پارلیمنٹ) سے خطاب میں بھی صدر ہرزوگ پر زور دیا تھا کہ وہ نیتن یاہو کو معاف کر دیں۔
نیتن یاہو پر 2019 میں تین مقدمات میں فردِ جرم عائد کی گئی تھی، جن میں ان پر الزام ہے کہ انہوں نے کاروباری شخصیات سے تقریباً سات لاکھ شیکل (دو لاکھ گیارہ ہزار امریکی ڈالر) مالیت کے تحائف وصول کیے۔