چین کا دہشت گردی کے خلاف پاکستان سے مکمل تعاون کا اعلان
بیجنگ – چین نے پاکستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کی تمام اقسام کے خاتمے کے لیے اسلام آباد سے مکمل تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے بیجنگ میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ چین دہشت گردی کی ہر شکل اور مظہر کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ چین جاں بحق افراد کے لواحقین سے گہری تعزیت اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور پاکستانی عوام کے تحفظ اور سلامتی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں چین کے قریبی ہمسائے ہیں اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک کے ساتھ قریبی رابطے اور تعاون انتہائی اہم ہیں۔