پاکستان نے بنگلادیش کو 2-8 سے زیر کرتے ہوئے ورلڈ کپ کوالیفائنگ سیریز میں شاندار آغاز کر لیا
ڈھاکہ – ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے لیے کھیلی جانے والی تیاری سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 2 کے مقابلے میں 8 گول سے شکست دے کر ایونٹ کا شاندار آغاز کر دیا۔
ڈھاکہ میں جاری تین میچوں کی اس سیریز میں پاکستان نے کھیل کے آغاز سے ہی حریف ٹیم پر دباؤ برقرار رکھا۔ پاکستان کی جانب سے احمد ندیم اور افراز نے دو، دو گول اسکور کرکے ٹیم کی برتری کو مستحکم کیا، جبکہ کپتان عماد بٹ، غضنفر علی، رانا وحید اشرف اور حنان شاہد نے ایک، ایک گول داغا۔
بنگلادیش کی ٹیم میچ کے دوران بہتر کھیل پیش نہ کر سکی اور صرف دو گول کرنے میں کامیاب رہی۔ میزبان ٹیم کی طرف سے حذیفہ اور امیرالسلام نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔
سیریز میں تین میچ شامل ہیں جن کی فاتح ٹیم ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں جگہ بنائے گی۔
دوسرا میچ 14 نومبر جبکہ تیسرا اور آخری میچ 16 نومبر کو کھیلا جائے گا۔