بھارت نے چین سرحد کے قریب متنازعہ علاقے لداخ میں نیا ایئربیس فعال کردیا

0

لداخ – بھارت نے چین کے ساتھ سرحدی کشیدگی کے حساس تناظر میں متنازع خطے لداخ میں نیا ایئربیس فعال کر دیا، جہاں جنگی طیاروں کی لینڈنگ اور آپریشنز کی مکمل سہولت موجود ہے۔ ایئربیس کا افتتاح بھارتی فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل اے پی سنگھ نے کیا۔

عالمی میڈیا کے مطابق ایئرچیف مارشل اے پی سنگھ سی-130 طیارے کے ذریعے 13 ہزار فٹ کی بلندی پر قائم مڈھ نیوما ایئرفورس اسٹیشن پہنچے اور نئے ایئربیس پر افتتاحی لینڈنگ کی۔ وزارت دفاع کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ لداخ میں بھارت کا تیسرا کلیدی ایئرفورس اسٹیشن ہے، جو لائن آف ایکچوئل کنٹرول (LAC) سے 30 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

سابق بھارتی ایئرمارشل سنجیو کپور نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ نئے ایئربیس میں جنگی طیاروں کی آپریشنل سہولت موجود ہے، اور بظاہر بغیر نام لیے پاکستان اور چین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ نیا ایئربیس ’’ہمارے حریفوں کے لیے ایک نیا چیلنج‘‘ ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس کے مقابل بلند مقامات پر چین کے ایئر بیس بھی قائم ہیں۔

بھارت اور چین کے درمیان سرحدی تنازع 1950ء سے جاری ہے، جس پر دونوں ممالک 1962ء میں جنگ بھی لڑ چکے ہیں۔ 2020ء میں ہونے والی سرحدی جھڑپوں میں بھارتی فوج کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا تھا، تاہم 2024ء میں طے پانے والے معاہدے کے بعد کشیدگی میں کمی آئی اور دونوں ممالک نے دوطرفہ دوروں کے لیے پروازوں کی اجازت بھی دی۔

گزشتہ برس بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے چین کا دورہ کر کے سفارتی سطح پر ماحول نرم کرنے کی کوشش کی تھی، مگر لداخ میں نیا ایئر بیس تجزیہ کاروں کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان جیو اسٹریٹجک مقابلے کے ایک نئے مرحلے کی طرف اشارہ کرتا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.