پاکستان کا اقوامِ متحدہ میں انروا کے مینڈیٹ کا بھرپور دفاع — اسرائیلی اقدامات کو عالمی قانون کی خلاف ورزی قرار

0

نیو یارک  – پاکستان نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ریلیف ادارے انروا (UNRWA) کے مینڈیٹ کا مؤثر انداز میں دفاع کرتے ہوئے اسرائیل کی جانب سے ادارے کے خلاف اقدامات کو بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

چوتھی کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے کہا کہ انروا پر حملے اور الزام تراشی کی مہمات دراصل فلسطینی شناخت مٹانے کی مذموم کوششیں ہیں، جبکہ ادارے کے مینڈیٹ میں مداخلت کسی بھی ملک کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی۔

انہوں نے واضح کیا کہ حالیہ اسرائیلی قانون سازی بین الاقوامی قانون کی توہین ہے، کیونکہ اقوام متحدہ کے کسی ادارے کا مینڈیٹ ختم کرنے یا تبدیل کرنے کا اختیار صرف جنرل اسمبلی کے پاس ہے، کوئی ریاست تنہا ایسا فیصلہ نہیں کر سکتی۔

سفیر عثمان جدون نے کہا کہ انروا کے مینڈیٹ، وسائل اور استعداد کا تحفظ اخلاقی و قانونی ذمہ داری ہے، یہ ادارہ گزشتہ سات دہائیوں سے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے انسانی امداد، استحکام اور امید کا واحد مؤثر ذریعہ رہا ہے۔
ان کے مطابق ’’لاکھوں انسانوں کی زندگیوں کو سیاسی مصلحتوں کی بھینٹ نہیں چڑھایا جا سکتا۔‘‘

پاکستانی مندوب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 نکاتی امن منصوبے کا خیر مقدم کرتے ہوئے مصر، قطر، ترکیہ اور امریکا کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدامات فوری جنگ بندی اور بااختیار ریاستِ فلسطین کے قیام کی راہ ہموار کریں گے۔

پاکستانی مؤقف کے مطابق فلسطینی عوام کی حمایت عالمی برادری کی مشترکہ اخلاقی ذمہ داری ہے اور انروا کا تحفظ اسی ذمہ داری کا بنیادی ستون ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.