لیبیا کے ساحلی شہر الخمس کے قریب جمعرات کے روز تارکینِ وطن کو لے جانے والی دو کشتیاں سمندر میں الٹ گئیں، جن میں مجموعی طور پر 95 افراد سوار تھے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ایک کشتی میں بنگلادیش سے تعلق رکھنے والے 26 تارکین وطن موجود تھے۔ حادثے میں ان میں سے 4 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ دیگر کو بچا لیا گیا۔
دوسری کشتی میں 69 تارکین وطن سوار تھے جن میں دو مصری اور درجنوں سوڈانی شہری شامل تھے۔ حکام کے مطابق دونوں حادثات میں بروقت امدادی کارروائیاں جاری رہیں اور زیادہ تر افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
بحیرہ روم میں انسانی اسمگلنگ اور غیرقانونی نقل مکانی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باعث اس راستے کو دنیا کے خطرناک ترین سمندری راستوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

