میکسیکو سٹی – میکسیکو میں عدم تحفظ، بدعنوانی اور سیاسی بالا دستی کے خلاف جین زی گروپ کی احتجاجی تحریک ملک بھر میں پھیل گئی ہے۔ دارالحکومت میکسیکو سٹی میں ہزاروں مظاہرین صدارتی محل کے باہر جمع ہوئے اور حکومت مخالف نعرے لگائے۔
صورتحال اس وقت بگڑ گئی جب مظاہرین نے صدارتی محل کے باہر لگائی گئی سکیورٹی رکاوٹیں توڑ دیں جس پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنکھوں میں جلن پیدا کرنے والی گیس اور لاٹھی چارج کا استعمال کیا۔ جواب میں مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔ کئی گھنٹے دونوں جانب سے جھڑپیں جاری رہیں اور علاقہ میدانِ جنگ کا منظر پیش کرتا رہا۔
جین زی گروپ نے ملک کے 50 سے زائد شہروں میں احتجاج کی کال دی ہے۔ دوسری جانب میکسیکن حکومت نے اس تحریک کو بیرونی فنڈنگ سے چلنے والی سیاسی سازش قرار دیا ہے۔
رواں ماہ کے آغاز میں بھی ریاست مِچوآکان میں شدید احتجاج ہوا تھا جہاں شہر اُروپان کے میئر کارلوس مانزو کو بدمعاش گروہوں کے خلاف کارروائی کے اعلان کے بعد فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا۔ ان کے قتل کے بعد مشتعل شہریوں نے سرکاری عمارت پر دھاوا بولا اور گورنر الفریڈو رامیرز بیڈولا سے استعفے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ جین زی (Gen Z) نوجوان نسل کا عالمی سماجی و سیاسی رجحان ہے، جو ماحولیات کے تحفظ، بدعنوانی کے خاتمے، سیاسی اجارہ داری کے خلاف آواز اٹھانے اور برابری کے حقوق کے لیے سرگرم کردار ادا کرتا ہے۔

