وزیراعظم شہباز شریف اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم کی ملاقات ہوئی ہے۔
اسلام آباد میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم اور وزیراعظم کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور اردن کے درمیان اسٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات بڑھانے کا عزم دُہرایا اور علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر باہمی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
شاہ عبداللہ نے غزہ تنازع اور جنگ کے بعد استحکام کی کوششوں میں اردن کے کردار کےلیے پاکستان کی حمایت کی تعریف کی اور دونوں رہنماؤں نے غزہ کے حوالے سے پاکستان اور اردن کے اصولی مؤقف کو اجاگر کیا۔
دونوں رہنماؤں نے غزہ امن معاہدے کے حوالے سے 8 عرب اسلامی ممالک کے درمیان روابط مزید بڑھانے پر اتفاق کیا جبکہ وزیراعظم نے شاہ عبداللہ کو افغانستان اور بھارت کےساتھ معاملات سے بھی آگاہ کیا۔
شاہ عبداللہ نے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے میں پاکستان کے کلیدی کردار کو تسلیم کیا۔
بعدازاں پاکستان اور اردن کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کی تقریب ہوئی جس میں وزیراعظم شہبازشریف اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم بھی شریک ہوئے۔
دونوں ممالک کے درمیان میڈیا، ثقافت، تعلیم کے شعبوں میں مفاہمتی یاداشتوں کا تبادلہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے اردن کے شاہ عبداللہ دوم پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے تو صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے شاہ عبداللہ کا استقبال کیا۔
وفاقی وزرا، خاتون اوّل آصفہ بھٹو زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔ شاہ عبداللہ کا وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر پُرتپاک استقبال کیا گيا ، انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گيا

