کولمبو — بلائنڈ ویمن کرکٹ ورلڈ کپ میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا اہم میچ ایک بار پھر بھرپور جوش و جذبے کا مرکز رہا، جس میں بھارت نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان بلائنڈ ویمن ٹیم نے 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز اسکور کیے۔ مہرین علی نے 66 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور سنبھالا، جبکہ بشریٰ اشرف نے 44 رنز کے ساتھ قابل ذکر معاونت کی۔ پاکستانی اننگز میں 6 بیٹرز کے رن آؤٹ ہونا ٹیم کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہوا۔
جواب میں بھارت نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 10.2 اوورز میں ہدف عبور کر لیا۔ انیکا دیوی نے 34 گیندوں پر 64 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر پاکستان کے باؤلرز پر دباؤ برقرار رکھا، جبکہ دیپیکا ٹی سی نے 45 رنز بنا کر فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان کی جانب سے نور فاطمہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں نے خوشگوار ماحول میں ایک دوسرے سے ہاتھ ملا کر اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ بھی کیا۔

